کراچی: پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا منہاج یوتھ لیگ کے زیراہتمام "بینائے اُمت سیمینار" میں شرکت و خطاب
صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے منہاج یوتھ لیگ کراچی کے زیرِاہتمام شیخ الاسلام ڈے کی مناسبت سے منعقدہ "بینائے اُمت سیمینار" میں خصوصی شرکت و خطاب کیا۔
سیمینار میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ کی علمی و تجدیدی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنی علمی و تحقیقی خدمات سے امت مسلمہ کو ایک ایسا خزانہ عطا کیا ہے جو رہتی دنیا تک رہنمائی فراہم کرتا رہے گا۔ ان کی تصانیف نہ صرف مقدار میں بے مثال ہیں بلکہ معیار کے لحاظ سے بھی ان کا کوئی ثانی نہیں۔ سیرتِ نبوی ﷺ پر ان کا کام ایک منفرد اور مستند علمی سرمایہ ہے، جس میں محض سوانح نہیں بلکہ سیرت کے ہر پہلو کو قرآن و سنت کی روشنی میں اجاگر کیا گیا ہے۔
شیخ الاسلام نے نہ صرف سیرت نگاری میں محبتِ رسول ﷺ کو محور بنایا بلکہ روایاتِ سیرت پر بھی گہرائی سے تحقیق کی۔ ان کا کام اس لحاظ سے منفرد ہے کہ انہوں نے ہر فتنے کا مدلل اور جرات مندانہ رد کیا، اور نوجوان نسل کے لیے فکری و نظریاتی راہنمائی کا ایک جامع نظام ترتیب دیا۔
مقررین نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی خدمات شمائلِ مصطفیٰ ﷺ،
فضائلِ مصطفیٰ ﷺ اور دلائلِ سیرت کے ہر گوشے میں نمایاں نظر آتی ہیں۔ ان کی تصانیف
اور خطابات سے امت کو یہ شعور ملا کہ سیرتِ نبوی ﷺ صرف ایک تاریخی بیان نہیں بلکہ زندگی
کے ہر پہلو میں عملی رہنمائی کا مکمل ضابطہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ شیخ الاسلام کا کام ہر
دور میں امت کے لیے ایک مینارۂ نور ثابت ہوگا۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر
محمد طاہر القادری کی تجدیدی خدمات مسلمہ ہیں اور آپ نے ہمیشہ اتحادِ امت، بین المسالک
رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی، فلاحی و تعلیمی کاموں، رجوع الی اللہ، رجوع الی القرآن،
حبِ رسول ﷺ، میلاد النبی ﷺ کی عظمت اور تصوف کی تعلیمات کو عام کرنے میں کلیدی کردار
ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ مجدد وہ ہوتا ہے جو اپنے دور میں دین کی حقانیت کو تازہ کر دے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری بلاشبہ پندرہویں صدی کے مجدد ہیں۔ آپ نے ہمیشہ امت کو محبت، علم اور امن کی راہ پر گامزن کرنے، فرقہ واریت کے خاتمے، اور اخوت و بھائی چارے کو فروغ دینے کی تعلیم دی۔
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے مزید کہا کہ شیخ الاسلام کی شخصیت صرف علمی اور فکری میدان تک محدود نہیں بلکہ آپ کی خدمات امت مسلمہ کی عملی ترقی اور فلاح و بہبود میں بھی نمایاں ہیں۔ تحریک منہاج القرآن کے تحت آپ نے فلاحی منصوبے، یتیم اور بے سہارا بچوں کے لیے آغوش آرفن کیئر ہوم، ہزاروں اسکالرشپس، ویلفیئر فاؤنڈیشنز، اور جدید تعلیمی ادارے قائم کیے، تاکہ دین اور دنیا کی ترقی میں امت کو آگے بڑھایا جا سکے۔
آخر میں ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ شیخ الاسلام کے کارکنوں پر بھی یہ
ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ان کے علمی و فکری کام کو عام کریں، ان کی کتب و خطابات
کو دنیا بھر میں پہنچائیں، تاکہ کردار سنوریں، نفرتیں ختم ہوں، اور محبت و بھائی چارہ
فروغ پائے۔
صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل نے سیمینار کے شاندار انعقاد پر جملہ منتظمین کو مبارکباد
دی اور منہاج یوتھ لیگ کراچی زون کے ذمہ داران و کارکنان کو تنظیمی امور میں بہترین
کارکردگی پر شیلڈز دیں۔
آخر میں حضور شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ کی 74ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور ان کی درازیٔ عمر کی دعا کی گئی۔
تقریب میں مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک قاضی زاہد حسین، صدر تحریک منہاج القرآن کراچی مسعود احمد عثمانی، مرکزی صدر منہاج یوتھ لیگ رانا وحید شہزاد، سید ظفراقبال، مفتی مکرم خان قادری، شاہد حسین راجپوت، فیضان کلیم، شیخ عماد الدین، جواد انصاری، نصرت رعنا ڈار، فوزیہ جنید سمیت تحریک منہاج القرآن کے جملہ فورمز کے قائدین و کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات شریک ہوئیں۔
تبصرہ